Pages

Tuesday, July 14, 2015

عید الفطر کے موقع پر داعش کے جنگجوؤں کو قرآن کریم کی سورتوں کو حفظ کرنے پر انعام میں غلام لڑکیاں دی جائیں گی





نیو ایج اسلام ایڈٹ ڈیسک
8 جولائی، 2015
عورتوں کو احترام، عزت اور مساوی حقوق کی ضمانت دینے والی کتاب قرآن مجید کی اس سے بڑی توہین اور کچھ نہیں ہو سکتی۔ رمضان المبارک کے مہینے کے دوران داعش نے اپنے جنگجوؤں کے لئے مسابقت حفظ قرآن منعقد کیا ہے۔ اس مسابقت میں جیتنے والوں کو انعام اور حفظ قرآن کی حوصلہ افزائی کے طور پر غلام لڑکیاں دی جائیں گی۔ مسابقت کے لئے 'کافروں' کے ساتھ قتل و قتال کرنے والی مکی آیتوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ مثلاً اس مسابقت کے لیے سورہ محمد، سورہ توبہ، سورہ فتح اور سورہ انفال کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ایسا کرنے کا داعش کا مقصد عرب کی ایک قبائلی روایت ‘سبیہ’ کا احیاء کرنا ہے جس میں انعام کے طور پر انسانوں کو پیش کیا جاتا ہے۔
اپنی جنگ کے دوران داعش نے اپنے مقبوضہ علاقوں سے بے شمار خواتین اور لڑکیوں کو قیدی بنایا ہے۔ اور ان کے ساتھ غلاموں جیسا سلوک کیا جاتا ہے اور وہ بازاروں میں استعمال کیے جانے والےبرتن اور ساز و سامان کی طرح فروخت کی جاتی ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق داعش نے تین سو سے زیادہ یزیدی عورتوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے علاوہ ان کے قبضے میں مسیحی خواتین بھی ہیں۔ ان کے نظریے کو تسلیم نہ کرنے والوں سے بچ کر فرار ہونے کی کوشش کرنے والی مسلم خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ بھی قیدیوں اور باندیوں کے جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔
داعش مسابقت جیتنے والے جنگجوؤں کے سامنے انعام کے طور پر ان تمام عورتوں کو پیش کرے گا۔ پہلے تین فاتحین کو خواتین پیش کی جائیں گی، جبکہ چوتھے سےلیکر دسویں نمبر کےفاتحین کو نقد انعامات پیش کیے جائیں گے۔ اس میں دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو داعش کی جانب سے چلائی جانے والی چار مساجد سے رابطہ کرنے کے لیے ہدایت جاری کی گئی ہے، ان کے نام یہ ہیں: مسجد اسامہ بن لادن، مسجد ابوبکر صدیق، مسجد ابو مصعب الزرقاوی اور مسجد التقویٰ۔
انعام کے طور پر غلام لڑکیوں کو پیش کر کے داعش غلامی کے قبائلی عربی روایت کو بحال کرنا چاہتا ہے اور ایسا کر کے اس نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ اسلام کی لغوی اور بنیاد پرست تعلیمات پر عمل پیرا ہے۔
مصر کے فتاویٰ کونسل نے داعش کے اس عمل کی زبردست مذمت کی ہے اور اسے غیر اسلامی اور حقوق نسواں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے جس سے اسلام منع کرتا ہے۔ تاہم، ہندوستان یا بیرون ملک کے کسی بھی دیگر دار الافتاء سے اس کی مذمت میں کوئی بھی فتوی منظر عام پر نہیں آیا ہے۔ اسلامی دنیا داعش کے ان تمام غیر انسانی معمولات پر ایک خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ ہندوستانی مفتیوں اور علماء نے بھی داعش کے اس اسلام مخالف طرز عمل کی مذمت نہیں کی۔ انہوں نے اس وقت بھی لب کشائی کی زحمت گوارہ نہیں کیا جب خود ساختہ خلیفہ بغدادی نے چند ہفتے قبل یہ بیان دیا تھا کہ "اسلام ایک دن کے لئے بھی کبھی امن کا مذہب نہیں تھا۔ اسلام ہمیشہ سے جنگ و جدال اور قتل و قتال کا مذہب رہا ہے۔"
عربی میں اصل اشتہار کی تصویر یہ ہے


اردو ترجمہ:
صوبہ البرکۃ
داعش
اعلان
البرکۃ صوبے کے تمام محکموں میں داعش کے تمام سپاہیوں کے نام
ہم رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے لئے آپ کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ ہمارے اور آپ کے روزوں کو قبول فرمائے۔۔۔
خدا ہمیں اور آپ کو جہنم کی آگ سے محفوظ رکھے۔
مساجد میں شعبہ دعوۃ نے کتاب اللہ کی سورتوں کو حفظ کرنے کے ایک ٹورنامنٹ کا اعلان کیا ہے۔ حفظ کی جانے والی مجوزہ سورتیں حسب ذیل ہیں:
سورہ انفال
سورہ التوبہ
سورہ محمد
سورہ الفتح
ایک رمضان المبارک 1436 ہجری تا 20 رمضان المبارک
شرکت کے خواہش مند حضرات کا مندرجہ ذیل مساجد کے اماموں کے پاس اندراج کروانا ضروری ہے۔
مسجد ابو بکر صدیق
مسجد اسامہ بن لادن
ؤمسجد ابو مصعب الزرقاوی
مسجد تقوی
اس مسابقہ میں شرکت کرنے والوں کو اللہ کے نام سے 21 رمضان سے 27 رمضان کے درمیان تقسیم کیا جائے جائے گا اور ان کی نشان دہی کی جائے گی۔ انعامات اللہ کے نام پر عید الفطر کے پہلے دن تقسیم کیے جائیں گے۔
اس مقابلے کے انعامات حسب ذیل ہیں:
غلام لڑکیاں (باندیاں)
پہلا انعام: ایک غلام لڑکی (باندی)
دوسرا انعام: ایک غلام لڑکی (باندی)
تیسرا انعام: ایک غلام لڑکی (باندی)
چوتھا انعام: 100,000 شامی لیرا (462 امریکی ڈالر)
پانچواں انعام: 90,000 شامی لیرا
چھٹا انعام: 80,000 شامی لیرا
ساتواں انعام:70,000 شامی لیرا
آٹھواں انعام: 60,000 شامی لیرا
نواں انعام: 50,000 شامی لیرا
دسواں انعام: 50,000 شامی لیرا
 ہماری دعا ہے کہ اللہ آپ کی زندگی کو آسان بنائے اور آپ کو اس کی توفیق عطا کرے جس سے وہ محبت فرماتا ہے اور جس سے وہ راضی ہے۔
شعبہ الدعوہ و المساجد۔

0 comments: