
سہیل ارشد، نیو ایج اسلام
آسمانی صحیفوں میں اللہ نے آدمی کو انسان بننے کے گر سکھائے۔ انہیں تہذیب و تمدن سے آشنا کیا۔ انہیں آدابِ تمدن سکھائے۔ کامیاب معاشرتی زندگی کار از سمجھایا۔انہیں ایک دوسرے کے ساتھ ملکر سماج کی تعمیر اور آنے والی نسلوں کی تربیت کرنے کی ہدایت دی۔ ان آسمانی صحیفوں نے انسانوں کو مادیت پرستی سے اوپر اٹھ کر روحانی طور پر اپنے آپ کو ایک اعلی منصب پر پہنچنے کا سلیقہ سکھایا۔ ان صحیفوں نے اللہ کی وحدانیت کی تعلیم دی اور مادی خداؤں کی پرستش سے روکا۔
بہتر سماج کی تشکیل کے لئے آسمانی صحیفوں نے جو نسخہ انسان کو بتایا وہ تھا اتحاد اور پر امن بقائے باہمی۔ اس کے بغیر ایک مثالی معاشرے کی تشکیل ممکن نہیں تھی۔اور پرامن بقائے باہم کے لئے انسان کو ایک دوسرے کے دکھ سکھ آرام اور مفاد کا خیال رکھنا ضروری قراردیاگیا۔ اس کے لئے انسانوں...